کالعدم تنظیم سے مبینہ تعلق پر سرکاری ملازمین کے ریکارڈ کی جانچ شروع

بعض افراد کے خلاف مالی معاونت اور مبینہ وابستگی سے متعلق تحقیقات بھی جاری ہیں۔

June 25, 2026 · قومی

آزاد جموں و کشمیر میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے مبینہ تعلق اور راولاکوٹ دھرنے میں شرکت کے الزامات پر سرکاری ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق مختلف اضلاع سے سینکڑوں حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے جبکہ بعض افراد کے خلاف مالی معاونت اور مبینہ وابستگی سے متعلق تحقیقات بھی جاری ہیں۔

اطلاعات کے مطابق راولاکوٹ دھرنے میں مبینہ شرکت کے الزام پر متعدد سرکاری ملازمین کو معطل کر کے ان کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون شکنی کے معاملات میں زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ذرائع کے مطابق مختلف تعلیمی اداروں اور محکموں کے اہلکاروں کے خلاف بھی رپورٹس موصول ہوئی ہیں جن کی روشنی میں مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ متعدد اضلاع سے شواہد اور معلومات اکٹھی کر کے فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ریاست میں امن و امان کے قیام اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات جاری رہیں گے، جبکہ تحقیقات کی روشنی میں مزید کارروائیوں کا امکان بھی موجود ہے۔