عوام کے لئے بڑی خوشخبری،پٹرول مزید کتنا سستا ہوگا

حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کا فائدہ صارفین تک پہنچایا جائے گا۔

June 25, 2026 · قومی

عوام کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی امید پیدا ہو گئی ہے، جبکہ حکومت نے عندیہ دیا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کا فائدہ صارفین تک پہنچایا جائے گا۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 69 ڈالر فی بیرل تک گر گیا ہے، جبکہ برطانوی خام تیل برینٹ 72 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح اماراتی مربن خام تیل کی قیمت بھی کم ہو کر 66 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے۔

وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور آئندہ دنوں میں قیمتوں میں مزید کمی متوقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران اور اسرائیل کشیدگی کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہونے سے مقامی سطح پر بھی قیمتوں پر اثر پڑا تھا، تاہم حالات معمول پر آنے اور عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے کے بعد قیمتوں میں کمی کی گنجائش پیدا ہو گئی ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے بحران کے دوران تیل کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اضافی قیمتوں پر ذخائر خریدے تھے، جس کے باعث بعض فیصلے ناگزیر تھے۔ اب عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیل کمپنیوں کے منافع اور ممکنہ نقصانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ نظام میں توازن برقرار رہے اور صارفین کو بھی مناسب فائدہ پہنچ سکے۔

سیاسی مشیر نے خبردار کیا کہ اگر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تو متعلقہ کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔