ترکیہ پاکستان کو توانائی بحران سے نمٹنے میں مدد دے گا
دونوں ممالک کا توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے اور اصلاحات پر اتفاق
فائل فوٹو
استنبول میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی سے متعلق اعلیٰ سطح بین الوزارتی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ترکیہ کی دعوت پر پاکستانی وفد نے استنبول میں اہم اجلاس میں شرکت کی۔ ترک وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار کی دعوت پر ہونے والے اجلاس میں وزیر توانائی سردار اویس لغاری اور مشیر نجکاری محمد علی نے پاکستانی وفد کی نمائندگی کی۔
اجلاس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی اصلاحات اور نجکاری پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان کے پاور سیکٹر کی تنظیمِ نو، کمرشلائزیشن اور نجکاری کے لیے عالمی تجربات سے استفادہ کرنا تھا۔ پاکستان نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے ترکیہ کے کامیاب ماڈل کا جائزہ لیا۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے شفاف اور سرمایہ کار دوست نجکاری عمل کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ڈسکوز میں اصلاحات، گورننس کی بہتری اور ریگولیٹری فریم ورک مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
ترکیہ نے پاکستان کے توانائی شعبے کی اصلاحات میں تکنیکی معاونت کی پیشکش کی اور ترک وزیر توانائی نے پاکستانی حکام اور ترک کمپنیوں کے درمیان روابط بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔ ترکیہ نجکاری اور بجلی کی تقسیم کے شعبے میں اپنے تجربات پاکستان کے ساتھ شیئر کرے گا۔
دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون بڑھانے، ریگولیٹری مہارت، گورننس اور نجکاری کے بہترین طریقوں کے تبادلے پر اتفاق کیا۔ پاکستان کے پاور سیکٹر کی مالی پائیداری اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تعاون بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
پاکستان اور ترکیہ نے توانائی شعبے میں طویل المدتی شراکت داری کے فروغ پر اتفاق کیا جبکہ پاکستانی وفد نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔