عالمی تجارت کیلئے سمندری راستوں پرآزاد نقل و حرکت ناگزیر:وزیراعظم شہباز شریف
بحری سلامتی عالمی معیشت اور امن کیلئے بنیادی ضرورت قرار
حالیہ علاقائی صورتحال نے ثابت کر دیا کہ بحری سلامتی عالمی معیشت اور بین الاقوامی تجارتی راستوں کیلئے کتنی اہم ہے: شہباز شریف— فوٹو:پی آئی ڈی
کراچی میں پاکستان نیول اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی تجارت کیلئے اہم سمندری گزرگاہوں پر بلا رکاوٹ آزادانہ نقل و حرکت عالمی معیشت کیلئے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدہ پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی یادداشت میں دوست ممالک کا تعاون قابل قدر رہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قیام امن کیلئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شب و روز انتھک محنت کی اور پاکستان دنیا میں امن کے علمبردار کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ سمندری راستوں پر آزاد اور بلا روک ٹوک نقل و حرکت کا حق اب آسائش نہیں بلکہ پوری دنیا کیلئے ناگزیر ضرورت بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ علاقائی صورتحال نے ثابت کیا ہے کہ بحری سلامتی عالمی معیشت اور بین الاقوامی تجارتی راستوں کیلئے انتہائی اہم ہے۔