وینزویلا میں تباہ کن زلزلے،ارجنٹائن فٹبالر کی اہلیہ اور بچے ہلاک
زلزلے کے وقت لوکاس تریخو کی اہلیہ یانینا مارانیلا اور ان کے دو بچے آرون تریخو اور آئینہوا تریخو ساحلی علاقے پلیا گراندے میں موجود تھے
کراکس: وینزویلا میں حالیہ آنے والے شدید زلزلوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، جس میں ارجنٹائن کے فٹبالر لوکاس تریخو کی اہلیہ اور دو بچے بھی ہلاک ہو گئے۔
کلب کی جانب سے جاری بیان میں افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے فٹبالر اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے وقت لوکاس تریخو کی اہلیہ یانینا مارانیلا اور ان کے دو بچے آرون تریخو اور آئینہوا تریخو ساحلی علاقے پلیا گراندے میں موجود تھے، جہاں ان کی رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی۔
ابتدائی طور پر اہل خانہ لاپتہ تھے، تاہم بعد ازاں امدادی ٹیموں نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کے وقت لوکاس تریخو اپنی ٹیم کے ساتھ دارالحکومت کراکس میں آئندہ میچ کی تیاری میں مصروف تھے۔ اس دوران انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے اہل خانہ کی تلاش اور دعاؤں کی اپیل بھی کی تھی۔
بین الاقوامی اداروں کے مطابق زلزلوں سے اب تک لاکھوں افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔