آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی صرف ایران کا اختیار ہے۔کاظم غریب آبادی
فرانسیسی صدر کے بیان پر ایرانی نائب وزیر خارجہ کا سخت ردِعمل
ایران کی وزارتِ خارجہ کے نائب وزیر کاظم غریب آبادی نے فرانس کے صدر ایمینوئل میخواں کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی صرف ایران کرے گا اور اور کسی دوسرے ملک کو اس عمل میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے مطابق بارودی سرنگوں کی صفائی پر صرف ایران کا اختیار ہے اور اصولی طور پر کسی غیر ملکی مداخلت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
غریب آبادی نے موجودہ صورتحال کو حساس اور پیچیدہ قرار دیتے ہوئے فرانس کو خبردار کیا کہ وہ اپنے بیانات اور اشتعال انگیزی کے ذریعے صورتحال کو مزید پیچیدہ نہ بنائے۔
واضح رہے کہ فرانسیسی صدر ایمینوئل میخواں نے حال ہی میں عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کے ہمراہ سکیورٹی امور پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فرانس اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگوں کی صفائی اور سمندری راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے تعاون کرے گا۔