قطر۔ ایران کے وزرائے دفاع کا رابطہ۔خطے کی سکیورٹی صورتحال پر گفتگو
امریکا، ایران کشیدگی کے تناظر میں علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال
قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن الثانی سے ایران کے قائم مقام وزیر دفاع مجید ابن رضا نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔
قطری وزارتِ دفاع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران خطے کی تازہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور موجودہ حالات میں باہمی رابطوں اور مشترکہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب آبنائے ہرمز کے تنازع پر ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ فوجی کارروائیوں کے بعد خلیجی ممالک میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ ہفتے ایران نے بحرین اور کویت میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ یہ کارروائیاں ایرانی سرزمین پر امریکی حملوں کے جواب میں کی گئیں۔
دوسری جانب گلف کواپریشن کونسل نے ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں امن، سلامتی اور بحران کے پرامن حل کے لیے جاری علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔