جنوبی شام میں اسرائیلی کارروائیوں پرمشرقِ وسطیٰ کے ممالک کی شدید مذمت

ترکی، سعودیہ، کویت، عرب لیگ، جی سی سی کا اسرائیلی حملے علاقائی امن کے لیےخطرہ قرار

June 30, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

اسرائیل کی جانب سے شام کے جنوبی صوبوں قنیطرہ اور درعا میں دراندازی اور فوجی کارروائیوں پر مشرقِ وسطیٰ کے متعدد ممالک اور علاقائی تنظیموں نے شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔

ترکی کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کی کارروائیاں شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وحدت کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ وزارت کے مطابق یہ اقدامات شامی عوام کی جان و مال کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور خطے میں شہریوں کی زندگی مزید دشوار بنا رہے ہیں۔

سعودی عرب نے اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے بے گناہ شہریوں کو ہراساں کرنے اور بین الاقوامی قوانین و ضوابط کی خلاف ورزیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے ان کی سخت مذمت کی۔

کویت کی وزارت خارجہ نے بھی اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کارروائیوں کا تسلسل خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے خبردار کیا کہ اسرائیلی قابض افواج کی مسلسل خلاف ورزیاں پورے خطے کو ایک نئی کشیدگی اور بڑے تصادم کی طرف دھکیل سکتی ہیں۔

دریں اثنا خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے اپنے بیان میں اسرائیلی حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور ایک خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام میں مزید اضافہ ہوگا۔