سوات: شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی، بیٹی اور داماد کو موت کے گھاٹ اتار دیا
ملزم باچا زادہ ولد معمر، سکنہ سیگرام کوزہ بانڈئی کو گرفتار کر لیا۔
فائل فوٹو
سوات: سوات کی تحصیل کبل کے علاقے سیگرام کوزہ بانڈئی میں تہرے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں جنونی شخص نے مبینہ طور پر گھریلو تنازع کے دوران فائرنگ کرکے اپنی بیوی، شادی شدہ بیٹی اور داماد کو قتل کر دیا۔
ایس ایچ او تھانہ کانجو حبیب سید کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم باچا زادہ ولد معمر، سکنہ سیگرام کوزہ بانڈئی کو گرفتار کر لیا۔
مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کبل منتقل کر دی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزم کی شادی شدہ بیٹی، جو 3 بچوں کی ماں تھی، اپنے والدین کے گھر آئی ہوئی تھی جبکہ داماد افتخار کو اپنی اہلیہ پر دوسروں سے بات چیت کرنے کا شک تھا۔
اسی معاملے پر داماد اور سسر کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر طیش میں آ کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اس کی بیوی، بیٹی اور داماد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔