ورلڈ کپ سے واپسی پر ایرانی ٹیم کا شاندار استقبال

کھلاڑی میکسیکو سے ترکی کے راستے تہران پہنچے، جبکہ ان کی آمد پر فوجی بینڈ نے قومی ترانہ بھی پیش کیا۔

July 2, 2026 · اسپورٹس
ورلڈ کپ سے واپسی پر ایرانی ٹیم کا شاندار استقبال

تہران: فیفا ورلڈ کپ 2026 میں گروپ مرحلے سے آگے نہ بڑھنے والی ایرانی قومی فٹبال ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، جہاں مہرآباد ایئرپورٹ پر شائقین نے کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

تہران میں سیکڑوں مداح قومی پرچم اور ٹیم کی جرسیاں اٹھائے ایئرپورٹ پہنچے۔ شائقین نے “ایران، ایران” کے نعرے لگائے اور قومی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ کھلاڑی میکسیکو سے ترکی کے راستے تہران پہنچے، جبکہ ان کی آمد پر فوجی بینڈ نے قومی ترانہ بھی پیش کیا۔

قومی ٹیم کے گول کیپر علی رضا بیرانوند نے شائقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک نہ پہنچنے کا افسوس ہے، تاہم ٹیم نے ہر ممکن کوشش کی اور آئندہ بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے مزید محنت کرے گی۔

دفاعی کھلاڑی رامین رضائیان نے کہا کہ ٹیم کے پاس اگلے مرحلے میں پہنچنے کی صلاحیت موجود تھی، تاہم مختلف سفری اور انتظامی مشکلات نے تیاریوں اور مہم کو متاثر کیا۔

شائقین نے بھی کھلاڑیوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے مشکل حالات کے باوجود بہترین کھیل پیش کیا اور وہ قومی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران نے گروپ مرحلے میں اپنے تمام میچ برابر کھیلے، تاہم گول فرق کم ہونے کے باعث وہ بہترین تیسرے نمبر کی ٹیموں میں جگہ نہ بنا سکا اور ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔