مصر نے آسٹریلیا کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے کامیابی،ورلڈ کپ میں پہلی بار آخری 16 ٹیموں میں رسائی۔

July 4, 2026 · اسپورٹس

فیفا ورلڈ کپ کے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں مصر نے آسٹریلیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر پہلی بار پری کوارٹر فائنل (راؤنڈ آف 16) کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم مصر کو 13ویں منٹ میں برتری اس وقت ملی جب امام عاشور نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی سبقت دلائی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک یہی اسکور برقرار رہا۔

دوسرے ہاف کے آغاز کے چند ہی منٹ بعد مصر کے محمد ہانی کی بدقسمت غلطی سے گیند اپنی ہی ٹیم کے جال میں چلی گئی، جس کے نتیجے میں آسٹریلیا نے مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کر دیا۔

اس کے بعد مقررہ وقت اور پھر اضافی وقت میں دونوں ٹیمیں کئی مواقع ملنے کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہیں، جس پر میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے کیا گیا۔

پنالٹی شوٹ آؤٹ میں آسٹریلیا کے ہیری ساؤٹار اور ہیرنگٹن اپنی پنالٹیز پر گول نہ کر سکے، جبکہ مصر نے چاروں پنالٹیز کامیابی سے جال میں پہنچا کر میچ اپنے نام کر لیا اور پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنا لی۔