ارجنٹینا کیپ ورڈی کو شکست دےکر پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

سنسنی خیز مقابلہ 3-2 سے جیت لیا، اب سات جولائی کو مصر سے ٹکراؤ ہوگا۔

July 4, 2026 · اسپورٹس

فیفا ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ارجنٹینا نے کیپ ورڈی کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا سامنا مصر سے ہوگا۔

میچ کے آغاز میں ارجنٹینا نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور لیونل میسی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ تاہم کیپ ورڈی نے ہمت نہ ہاری اور 59ویں منٹ میں ڈوارٹے نے گول کرکے مقابلہ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں برابر رہیں، جس کے باعث میچ اضافی وقت میں داخل ہوگیا۔

اضافی وقت کے آغاز میں لیسانڈرو مارٹینیز نے 92ویں منٹ میں گول کرکے ارجنٹینا کو دوبارہ برتری دلائی، لیکن کیپ ورڈی کے سڈنی کیبریل نے شاندار کک پر گول کرکے اسکور پھر 2-2 سے برابر کر دیا۔

میچ کا فیصلہ اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں اس وقت ہوا جب کیپ ورڈی کے دفاعی کھلاڑی ڈینی بورگس سے غلطی ہوئی اور گیند ان کے اپنے ہی جال میں چلی گئی، جس سے ارجنٹینا کو 3-2 کی فیصلہ کن برتری مل گئی۔

آخری لمحات میں کیپ ورڈی نے برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن ارجنٹینا نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی۔

اب پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ 7 جولائی (منگل) کو مصر سے ہوگا۔