سفارش پر نااہلی،اسلام آباد پولیس بھرتیوں پر محسن نقوی کا دوٹوک اعلان

تمام تقرریاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی اور کسی قسم کی سفارش یا دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

July 4, 2026 · قومی
سفارش پر نااہلی،اسلام آباد پولیس بھرتیوں پر محسن نقوی کا دوٹوک اعلان

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس میں ایک ہزار 712 آسامیوں پر ہونے والی بھرتیوں کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ تمام تقرریاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی اور کسی قسم کی سفارش یا دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر کوئی امیدوار یا فرد بھرتی کے عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ امیدوار کو نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق ملک بھر سے اہل امیدوار اسلام آباد پولیس کی بھرتیوں کے لیے درخواست دینے کے مجاز ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ درخواستیں جمع کرانے کے لیے محدود وقت باقی ہے، اس لیے دلچسپی رکھنے والے امیدوار بروقت اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ امیدواروں کی سہولت کے لیے تحریری ٹیسٹ ان کے قریبی مراکز پر منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے دیانت، جرات اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار نوجوانوں کو اسلام آباد پولیس میں شمولیت کی دعوت بھی دی۔

حکام کے مطابق بھرتیوں کے لیے درخواستیں اسلام آباد پولیس کی مقررہ ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں۔