ورلڈ کپ 2026:عرب لیگ کی مصر اور مراکش کو مبارکباد
مصر اور مراکش کی شاندار کارکردگی عرب فٹبال کی مسلسل ترقی اور عالمی سطح پر مسابقت کی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں مصر اور مراکش کی کامیابی پر دونوں قومی ٹیموں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق احمد ابو الغیط نے اپنے بیان میں کہا کہ مصر اور مراکش کی شاندار کارکردگی عرب فٹبال کی مسلسل ترقی اور عالمی سطح پر مسابقت کی صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل پیش کر کے نہ صرف اپنے ممالک بلکہ پورے عرب خطے کا نام روشن کیا۔ ان کے بقول یہ کامیابیاں برسوں کی منصوبہ بندی، کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ تربیت اور کھیلوں کے شعبے میں مسلسل سرمایہ کاری کا نتیجہ ہیں۔
سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ مصر اور مراکش کی کامیابیاں نئی نسل کے کھلاڑیوں کے لیے بھی حوصلہ افزا مثال ہیں، جو انہیں مستقبل میں مزید محنت اور بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب دیں گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورلڈ کپ کے آئندہ مراحل میں بھی عرب ٹیمیں اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کریں گی۔