اسلام آباد ہائی کورٹ نے اضافی ٹول ٹیکس کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

آئندہ سماعت تک ایم ٹیگ کے بغیر یا کم بیلنس پر اضافی ٹول ٹیکس وصول نہ کیا جائے

July 4, 2026 · قومی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے موٹرویز پر ایم ٹیگ نہ ہونے یا کم بیلنس کی صورت میں اضافی ٹول ٹیکس کی وصولی سے متعلق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کا نوٹیفکیشن عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔

عدالت نے اپنے حکم میں ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت تک ایم ٹیگ کے بغیر یا کم بیلنس پر اضافی ٹول ٹیکس وصول نہ کیا جائے۔

یہ حکم اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت کے دوران جاری کیا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اضافی ٹول ٹیکس کی وصولی قانونی تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔

عدالت نے این ایچ اے اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت سے قبل اپنا تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ مقدمے کی مزید سماعت 3 اگست کو ہوگی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اضافی ٹول ٹیکس سے متعلق جاری کردہ نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے، جبکہ عدالت نے تمام فریقین کے مؤقف سننے کے بعد آئندہ کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔