موٹروے پولیس نے 27 لاکھ سے زائد مالیت کی گندم برآمد کر لی
خفیہ اطلاع ملنے پر رحیم یار خان کے قریب ایک مشکوک ٹرک کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی۔
رحیم یار خان میں موٹروے پولیس ایم-5 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گندم کی غیر قانونی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران پنجاب سے سندھ منتقل کی جانے والی لاکھوں روپے مالیت کی گندم برآمد کر لی گئی۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر رحیم یار خان کے قریب ایک مشکوک ٹرک کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران 27 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی گندم برآمد ہوئی، جسے غیر قانونی طور پر دوسرے صوبے منتقل کیا جا رہا تھا۔
واقعے کی اطلاع فوری طور پر محکمہ خوراک پنجاب کو دی گئی، جس کے بعد متعلقہ افسران موقع پر پہنچ گئے۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ٹرک، برآمد شدہ گندم اور ڈرائیور کو مزید کارروائی کے لیے محکمہ خوراک کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ محکمہ خوراک پنجاب نے موٹروے پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے قانون کے نفاذ اور غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔