اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑا آپریشن، 14 افراد گرفتار
شاہ اللہ دتہ میں بغیر این او سی تعمیر کیے جانے والے سات غیر قانونی ڈھانچوں کو مسمار کیا گیا
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے موضع سنگجانی اور شاہ اللہ دتہ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی ڈھانچے مسمار کر دیے اور کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شاہ اللہ دتہ میں بغیر این او سی تعمیر کیے جانے والے سات غیر قانونی ڈھانچوں کو مسمار کیا گیا، جبکہ کارروائی کے دوران غیر قانونی تعمیرات میں ملوث 14 افراد کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موضع سنگجانی میں سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔ سرکاری فرائض میں غفلت برتنے پر علاقے کے نمبردار کو عہدے سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام میں غفلت برتنے والے متعلقہ افسران کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بغیر این او سی کسی بھی قسم کی تعمیرات سے گریز کریں اور اگر کہیں غیر قانونی تعمیرات نظر آئیں تو متعلقہ حکام کو اطلاع دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔