شالیمار ایکسپریس خانیوال کے قریب حادثے کا شکار
خانیوال کے قریب اچانک ایک بوگی پٹڑی سے اتر گئی، جس کے باعث ٹرین کو تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس خانیوال ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، جہاں ٹرین کی ایک بوگی پٹڑی سے اتر گئی۔ تاہم خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹرین لاہور سے کراچی جا رہی تھی کہ خانیوال کے قریب اچانک ایک بوگی پٹڑی سے اتر گئی، جس کے باعث ٹرین کو تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
حادثے کے فوراً بعد ریلوے انتظامیہ نے ملتان سے ریلیف ٹرین روانہ کر دی تاکہ متاثرہ بوگی کو ہٹانے اور ٹریک کو بحال کرنے کا کام کیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور شالیمار ایکسپریس کو جلد اپنی منزل کی جانب روانہ کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب شدید گرمی اور حبس کے باعث ٹرین میں موجود مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ خانیوال میں ریلیف کے محدود انتظامات کے باعث امدادی کارروائیوں میں بھی کچھ دشواری پیش آئی۔