اپر چترال میں گلیشیائی پگھلاؤ سے سیلاب، رابطہ پل بہہ گیا، ہزاروں افراد کا زمینی رابطہ منقطع

پل کی تباہی کے بعد یارخون کی تقریباً 50 ہزار آبادی کا ملک کے دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

July 5, 2026 · قومی

خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال میں گلیشیائی پگھلاؤ کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی، جس سے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی اور املاک کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

اطلاعات کے مطابق یارخون کے علاقے بانگ گول میں اچانک آنے والے سیلاب سے پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں گھروں، باغات اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا جبکہ کئی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

شدید سیلاب کے باعث بنگ نالہ پر قائم واحد رابطہ پل بھی بہہ گیا، جس سے یارخون ویلی روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی۔ پل کی تباہی کے بعد یارخون کی تقریباً 50 ہزار آبادی کا ملک کے دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مستوج، بروغل روڈ بھی ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند ہے، جس کے باعث مقامی شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں نے حکومتِ خیبر پختونخوا، ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں سے فوری امدادی کارروائیاں، متبادل راستوں کی بحالی اور متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔