اسلام آباد میں گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کا قاتل سعد عباسی گرفتار

ملزم سعد عباسی کو تھانہ کھنہ کے ایریا سے گرفتار کیا گیا، پولیس ذرئع

July 5, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران نائنتھ ایونیو پر پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق کو فائرنگ کر کے شہید کرنے والے مرکزی ملزم محمد سعد عباسی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا 30 بور کا پستول اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ آبپارہ پولیس نے ایس ایچ او ذوالفقار کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے غوری ٹاؤن کے رہائشی ملزم محمد سعد عباسی ولد محمد سجاد کو تھانہ کھنہ کے علاقے سے گرفتار کیا۔

تفتیش کے مطابق ملزم سعد عباسی اور متاثرہ لڑکی ایک ہی کیش اینڈ کیری میں ملازمت کرتے تھے۔ واقعے کے روز ملزم نائنتھ ایونیو پر لڑکی کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کر رہا تھا، جس پر لڑکی نے انکار کیا اور دونوں کے درمیان سڑک پر ہاتھاپائی ہوئی۔

اسی دوران وہاں سے گزرنے والے پاک فضائیہ کے بہادر افسر گروپ کیپٹن عاصم طارق نے سڑک پر خاتون کو خطرے میں دیکھا تو وہ گاڑی روک کر اس کی مدد کے لیے آئے۔ انہوں نے ملزم سعد عباسی کو لڑکی کے ساتھ زبردستی کرنے سے روکا، جس پر ملزم طیش میں آ گیا اور اس نے گاڑی میں سوار گروپ کیپٹن پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے واردات کے بعد قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے پنجاب فرار ہونے کی کوشش کی اور بس کے ذریعے بھیرہ کے قریب اتر گیا۔ وہ پولیس کو چکمہ دینے کے لیے مختلف پینترے بدلتا رہا، تاہم جیسے ہی وہ پنجاب سے واپس اسلام آباد پہنچا، پولیس نے جدید تکنیکی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے اسے دھر لیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔