شکردرہ میں فائرنگ۔ اے این پی رہنما۔ ایمبولینس۔پولیس گاڑی نشانہ بن گئی
فائرنگ سے 8 افراد زخمی ہو گئے، علاقے میں پولیس کا گرینڈ آپریشن جاری
ضلع سوات کے علاقے شکردرہ میں نامعلوم مسلح افراد نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما، ریسکیو ایمبولینس اور پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 8 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں اے این پی رہنما ممتاز علی خان کا بھائی، ریسکیو کے تین اہلکار اور چار عام شہری شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو پولیس کی بکتر بند گاڑی کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق شکردرہ میں اس سے قبل بھی اے این پی رہنما افضل گجر اور ممتاز علی خان پر حملے کیے جا چکے ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں شرپسند عناصر کی موجودگی سے متعلق پہلے ہی اطلاعات موصول ہو چکی تھیں، جس کے باعث سیکیورٹی خدشات موجود تھے۔