گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین آج حلف اٹھائیں گے

بلاول بھٹو تقریب میں شرکت کے لیے گلگت پہنچ گئے، کابینہ کی تشکیل پر بھی مشاورت

July 6, 2026 · قومی

گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب چنار باغ میں منعقد ہوگی، جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری تقریب میں شرکت کے لیے گلگت پہنچ چکے ہیں، جبکہ نئی صوبائی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے بھی ان کی وزیراعلیٰ امجد حسین کے ساتھ مشاورت متوقع ہے۔

واضح رہے کہ 7 جون کو ہونے والے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے تعاون سے حکومت بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی عمران ندیم گلگت بلتستان اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین بلا مقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے۔

امجد حسین نے محرم الحرام کے احترام میں اپنی حلف برداری 14 محرم کے بعد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت آج وہ باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔