صدر آصف زرداری۔وزیراعظم کا گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پراظہار افسوس
گروپ کیپٹن عاصم طارق نے خاتون کی جان و عزت کے تحفظ کے لیے قربان ہوکر فرض شناسی کی مثال قائم کی
صدر مملکت آصف علی زرداری نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بے گناہ خاتون کے تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنا اعلیٰ انسانی اقدار اور قومی خدمت کی روشن مثال ہے۔
پیر کو ایوان صدر پریس ونگ سے جاری بیان میں صدرِ مملکت نے شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور صبرِ جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد کی اہم شاہراہ پر اس طرح کی واردات باعث تشویش ہے، ایسے واقعات کے مکمل سدباب کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک خاتون کی جان اور عزت کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بے مثال جرأت ، بہادری اور فرض شناسی کی مثال قائم کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم ایسے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیراعظم نے شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، انہیں اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔