اسحاق ڈار کی ایکس پوسٹ توجہ کا مرکز بن گئی
یہ پوسٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب سوشل میڈیا پر اسحاق ڈار کے خاندان سے متعلق ایک زیرِ تفتیش مقدمے پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی گئی پوسٹ توجہ کا مرکز بن گئی۔
اسحاق ڈار نے اپنی پوسٹ میں قرآن مجید کی سورۃ الانبیاء کی آیت 89 شیئر کی، جس میں حضرت زکریا علیہ السلام کی دعا مذکور ہے: “اے میرے رب! مجھے اکیلا نہ چھوڑ اور تو ہی سب سے بہتر وارث ہے۔”
یہ پوسٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب سوشل میڈیا پر اسحاق ڈار کے خاندان سے متعلق ایک زیرِ تفتیش مقدمے پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ متعدد صارفین نے اس پوسٹ کو موجودہ صورتحال سے جوڑتے ہوئے اپنی آراء کا اظہار کیا، جبکہ بعض افراد کا کہنا تھا کہ پوسٹ کو کسی بھی جاری قانونی معاملے سے منسلک کرنا قبل از وقت ہوگا۔
واضح رہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے پوتے محمد رضا ڈار سمیت چار افراد کے خلاف اغوا، مبینہ جنسی زیادتی اور بھتہ خوری کے الزامات پر مقدمہ درج کیے جانے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) July 6, 2026
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ دو غیر ملکی خواتین کی درخواست پر درج کیا گیا، جن کا تعلق ہالینڈ اور وینزویلا سے بتایا جاتا ہے۔ شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں بیرون ملک سے پاکستان بلایا گیا، جہاں ان کے ساتھ مبینہ طور پر غیر قانونی حراست، بدسلوکی اور بھتہ خوری جیسے جرائم کا ارتکاب کیا گیا۔
مقدمے میں نامزد بعض ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ ایک ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام الزامات کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔