وزیراعظم شہباز شریف کا حوالدار لالک جان کو یومِ شہادت پر خراجِ عقیدت

قوم شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، محمد شہباز شریف

July 7, 2026 · قومی

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

منگل کو جاری بیان کے مطابق حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ کارگل کے معرکے میں حوالدار لالک جان شہید کی شجاعت، بہادری اور وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود دشمن کے سامنے ڈٹے رہنا ان کے بے مثال جذبۂ حب الوطنی کا ثبوت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قوم اپنے اس عظیم سپوت اور تمام شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔