بلوچستان کے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کو ہٹا دیا گیا
کوہ سلیمان کے نام سے نئےڈویژن بنانے کےوزیر اعلیٰ کے فیصلے کی اعلانیہ مخالفت کی تھی
بلوچستان کے گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل نے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا۔
گورنر مندوخیل نے وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کے مشورے پر عبدالرحمان کھیتران کی وزارت سے برطرفی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔
کھیتران کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے اور برطرفی سے قبل وہ پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ اور واسا کے وزیر تھے۔
اگرچہ سردار عبدالرحمان کھیتران کو وزارت سے ہٹانے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی تاہم انھوں نے کوہ سلیمان کے نام سے نئے ڈویژن بنانے کے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے فیصلے کی اعلانیہ مخالفت کی تھی اور وزیر اعلیٰ کو اس پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
سردار عبدالرحمان کھیتران آج کل یورپ کے دورے پر ہیں اور انھوں نے واپسی تک وزارت سے برطرفی کے فیصلے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عبد الرحمان کیتھران لیگی کوٹے پر بلوچستان حکومت میں تھے تاہم انہیں کئی دن سے غیر فعال کردیا گیا تھا۔