افغانستان کے سابق فاسٹ بولر38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

چھ فٹ سے زائد قد کے حامل شپور زادران اپنی تیز رفتار باؤلنگ، جارحانہ انداز اور لمبے لہراتے بالوں کی وجہ سے کرکٹ شائقین میں خاصی شہرت رکھتے تھے۔

July 7, 2026 · اسپورٹس
افغانستان کے سابق فاسٹ بولر38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

افغانستان کے سابق فاسٹ بولر38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

کابل: افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شپور زادران طویل علالت کے بعد 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شپور زادران نے اپنی 39ویں سالگرہ سے ایک روز قبل نئی دہلی کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی، جہاں وہ ایک نایاب اور سنگین مدافعتی بیماری کے باعث زیرِ علاج تھے۔

چھ فٹ سے زائد قد کے حامل شپور زادران اپنی تیز رفتار باؤلنگ، جارحانہ انداز اور لمبے لہراتے بالوں کی وجہ سے کرکٹ شائقین میں خاصی شہرت رکھتے تھے۔ افغانستان کرکٹ کے ابتدائی بین الاقوامی سفر میں انہوں نے اہم کردار ادا کیا اور قومی ٹیم کی کامیابیوں میں نمایاں حصہ ڈالا۔

شپور زادران نے بطور مہاجر پاکستان کے شہر پشاور میں رہائش اختیار کی، جہاں سے انہوں نے اپنی کرکٹ کا آغاز کیا۔ اسی دوران ان کی دوستی اور کرکٹ سفر افغانستان کے معروف کھلاڑیوں محمد نبی، اصغر افغان اور دولت زادران کے ساتھ بھی رہا۔

انہوں نے 2009 سے 2020 کے دوران افغانستان کی جانب سے 44 ایک روزہ اور 36 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچز کھیلے اور متعدد مواقع پر اپنی مؤثر باؤلنگ سے ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کیا۔

شپور زادران کے انتقال پر افغانستان کے کرکٹ حلقوں، سابق ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔