190 ملین پاؤنڈ کیس:بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کے وکلا کو دلائل کیلئے آخری مہلت

بانی پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ سماعت پر مزید التوا کی درخواست نہیں کی جائے گی

July 7, 2026 · قومی

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو دلائل مکمل کرنے کے لیے آخری مہلت دے دی ہے۔

چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ نے اپنے حکم میں واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر اگر اپیلوں کے حق میں دلائل مکمل نہ کیے گئے تو مزید مہلت نہیں دی جائے گی۔

عدالت نے قرار دیا کہ ایسی صورت میں قومی احتساب بیورو (نیب) کا مؤقف سنا جائے گا اور دستیاب عدالتی ریکارڈ کی بنیاد پر اپیلوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔

حکم نامے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ سماعت پر مزید التوا کی درخواست نہیں کی جائے گی اور اپیلوں پر دلائل مکمل کر دیے جائیں گے۔

عدالت نے اسی یقین دہانی کی بنیاد پر سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ مقدمے میں دی جانے والی آخری مہلت ہے اور اس کے بعد مزید تاخیر کی اجازت نہیں ہوگی۔