فیفا ورلڈ کپ 2026: کوارٹر فائنل مرحلے کی تمام ٹیمیں سامنے آ گئیں

پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس اور مراکش مدِمقابل ہوں گے، جبکہ دوسرے میچ میں سپین کا سامنا بیلجیئم سے ہوگا۔

July 8, 2026 · اسپورٹس

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے کے اختتام کے بعد کوارٹر فائنل کی تمام آٹھ ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا۔ مراکش، ناروے اور سوئٹزرلینڈ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آخری آٹھ میں جگہ بنا کر ایونٹ میں بڑا اپ سیٹ کیا۔

وینکوور میں کھیلے گئے آخری پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کولمبیا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ مقررہ وقت اور اضافی وقت میں دونوں ٹیمیں گول نہ کر سکیں، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا۔

اس کامیابی کے ساتھ سوئٹزرلینڈ نے 72 برس بعد ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی، جہاں اس کا مقابلہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا سے ہوگا۔

دو روز کے وقفے کے بعد ایونٹ کے کوارٹر فائنل مقابلوں کا آغاز ہوگا۔ پہلے کوارٹر فائنل میں فرانس اور مراکش مدِمقابل ہوں گے، جبکہ دوسرے میچ میں سپین کا سامنا بیلجیئم سے ہوگا۔

تیسرے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ اور ناروے آمنے سامنے آئیں گے، جبکہ آخری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کی ٹیم دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کا چیلنج قبول کرے گی۔ باقی تین کوارٹر فائنل پاکستانی وقت کے مطابق ہفتے کی شب اور اتوار کی صبح کھیلے جائیں گے۔