لٹن داس انجری کے باعث زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر
لٹن داس پہلے ون ڈے میچ میں بھی انجری کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے تھے
بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس ہیمسٹرنگ انجری سے مکمل صحت یاب نہ ہونے کے باعث زمبابوے کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے باقی میچز سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔
لٹن داس پہلے ون ڈے میچ میں بھی انجری کی وجہ سے شرکت نہیں کر سکے تھے۔ طبی معائنے اور فٹنس ٹیسٹ کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے فیصلہ کیا کہ وہ سیریز کے باقی دونوں میچوں کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔
بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے فزیو بایجد الاسلام خان کے مطابق لٹن داس نے تازہ فٹنس ٹیسٹ دیا، تاہم وہ ابھی مکمل طور پر میچ کھیلنے کے قابل نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل میچز کے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑی کی مکمل بحالی کو ترجیح دی گئی ہے۔
لٹن داس اپنی ری ہیبلیٹیشن ڈھاکا میں جاری رکھیں گے، جبکہ ان کی جگہ پرویز حسین ایمن کو دوسرے اور تیسرے ون ڈے کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کو سیریز کے پہلے ون ڈے میں زمبابوے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد سیریز برابر کرنے کے لیے اسے آئندہ میچ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہوگی۔