اسرائیل کا غزہ میں حماس کے 2 کمانڈروں کی شہادت کا دعویٰ

حماس کی طرف سے اپنے کمانڈروں کی شہادت کے حوالے سے تاحال کوئی باقاعدہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

غزہ : اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے رواں ہفتے غزہ کی پٹی پر کیے گئے فضائی حملوں میں حماس کے دو اہم عسکری کمانڈروں کو نشانہ بنا کر شہید کر دیا ہے۔

اسرائیلی دفاعی حکام کے مطابق خلیل جمال خلیل منا حماس کے عسکری ونگ کے ‘ہتھیاروں کی تیاری کے ہیڈ کوارٹر’ کے کمانڈر تھے۔

اسامہ ولید دیب محارب حماس کی ‘نصیرات بریگیڈ/بٹالین’ کے کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل اور حماس کے درمیان 10 اکتوبر 2025 کو باقاعدہ جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے باوجود غزہ میں اسرائیلی ٹارگٹڈ کارروائیاں اور حملے مسلسل جاری ہیں، جسے مبصرین جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔

دوسری جانب، فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی طرف سے اپنے کمانڈروں کی شہادت کے حوالے سے تاحال کوئی باقاعدہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔