اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلۂ خیال
دونوں رہنماؤں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس میں کمی لانے کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور حالیہ کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس میں کمی لانے کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران تمام متعلقہ فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور جاری ثالثی کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے مناسب وقت فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارتی اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔