جنوبی ایران پر مزید فضائی حملے ، بندر عباس اور قشم جزیرے پر متعدد دھماکے، فوجی ٹھکانے نشانہ
قشم جزیرے پر 11 پراجیکٹائلز داغے گئے ،خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ، ایرانی حکام
فائل فوٹو
تہران : ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں فوجی ٹھکانوں کو میزائلوں اور پراجیکٹائلز (گولہ بارود) سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق گزشتہ ایک گھنٹے کے دوران صوبہ ہرمزگان کے اہم علاقوں بندر عباس، قشم جزیرے اور حاجی آباد میں یکے بعد دیگرے کئی زوردار دھماکے سنے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملے مکمل طور پر فوجی تنصیبات پر کیے گئے ہیں، تاہم خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘ارنا’ سے گفتگو کرتے ہوئے قشم کے گورنر حسین امیر تیموری نے تصدیق کی ہے کہ دشمن کے 10 سے 11 پراجیکٹائلز نے قشم جزیرے کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حملہ آوروں کا ہدف صرف فوجی پوزیشنز تھیں اور حملوں کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق ساحلی و بندرگاہی شہر بندر عباس اور حاجی آباد میں بھی دھماکوں کی شدید آوازیں سنی گئیں۔ سرکاری ذرائع نے ‘ارنا’ کو بتایا کہ جن علاقوں کو نشانہ بنایا گیا وہ تمام فوجی نوعیت کے ہیں۔
ایرانی حکام کی جانب سے ان حملوں کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق سٹریٹجک اہمیت کے حامل خلیج ہرمز کے قریبی علاقوں میں ہونے والے ان حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔