سعودی عرب میں گیس لیکیج دھماکے سے 6 پاکستانی جاں بحق

5 کا مانسہرہ سے تعلق ۔ چھٹا شخص پنجاب کا ہے

July 16, 2026 · اہم خبریں

 

سعودی عرب میں رہائشی عمارت میں گیس لیکیج کے باعث زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 پاکستانی محنت کش جاں بحق ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ سعودی دارالحکومت ریاض کے علاقے منفوحہ کی ایک رہائش گاہ میں پیش آیا جہاں گیس جمع ہونے سے دھماکہ ہوا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ وہاں موجود افراد کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملا۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد روزگار کی تلاش میں سعودی عرب میں مقیم تھے اور اپنے اہل خانہ کی کفالت کر رہے تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں پانچ افراد کا تعلق ضلع مانسہرہ، تحصیل بالاکوٹ اور اس کے نواحی علاقوں سے ہے۔ ایک شخص کا تعلق صوبہ پنجاب سے بتایا جا رہا ہے، تاہم اس کی شناخت تاحال سامنے نہیں آسکی۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں:

  • محمد سعید (گاؤں بالاکوٹ بن، حال مقیم جلو)
  • عابد حسین (گاؤں بالاکوٹ بن، حال مقیم جلو)
  • عبدالرحمان (گاؤں پنجول جبوڑی، حال مقیم جلو)
  • محمد سفیر (جابہ عرب خن)
  • محمد رستم (گاندیاں، ضلع مانسہرہ)

شامل ہیں
سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارت خانے نے فوری طور پر متحرک ہو کر سعودی حکام کے ساتھ رابطہ قائم کر لیا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت کی تصدیق اور واقعے کی مکمل تفصیلات حاصل کرنے کے لیے سعودی حکام کے ساتھ مل کر کام جاری ہے۔

سفارت خانے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام مرحلہ جاتی کارروائی جلد از جلد مکمل کر کے میتوں کو سرکاری سطح پر پاکستان منتقل کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔