امریکا نے سعودی عرب اور کویت کو اربوں ڈالر کے دفاعی معاہدوں کی منظوری دے دی

معاہدے میں جدید گائیڈڈ ہتھیاروں کے نظام، لانچرز، وار ہیڈز، اضافی پرزہ جات، تربیت اور لاجسٹک معاونت شامل ہے۔

July 16, 2026 · بام دنیا

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے سعودی عرب اور کویت کو دفاعی سازوسامان کی فروخت کے لیے الگ الگ معاہدوں کی منظوری دے دی ہے، جن کا مقصد دونوں اتحادی ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا بتایا گیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سعودی عرب کے لیے تقریباً 1.96 ارب ڈالر مالیت کے دفاعی پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔ اس معاہدے میں جدید گائیڈڈ ہتھیاروں کے نظام، لانچرز، وار ہیڈز، اضافی پرزہ جات، تربیت اور لاجسٹک معاونت شامل ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام امریکا کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے اہداف کے مطابق ہے، جبکہ سعودی عرب کو خطے کے استحکام اور اقتصادی ترقی میں اہم شراکت دار قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ خارجہ کے مطابق معاہدے میں فضا سے فضا اور فضا سے زمین تک مار کرنے والے جدید ہتھیاروں کے لیے 20 ہزار گائیڈنس یونٹس بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب امریکا نے کویت کے لیے 484 ملین ڈالر مالیت کے ایک علیحدہ دفاعی پیکج کی بھی منظوری دی ہے، جس میں C-17 طیاروں کی تکنیکی معاونت، اضافی پرزہ جات، مرمت، سافٹ ویئر اپ ڈیٹس، تربیت اور لاجسٹک خدمات شامل ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق دونوں دفاعی معاہدوں پر عمل درآمد سے قبل انہیں امریکی کانگریس کے مقررہ جائزے کے عمل سے گزرنا ہوگا۔