بہاولپور ایئرپورٹ پر 3 سال بعد ڈومیسٹک آپریشن بحال، اندرون ملک یومیہ 8 فلائٹس کا اضافہ
نجی ایر لائن کی پرواز کراچی سے مسافروں کو لے کر آئی
بہاولپور ایئرپورٹ پر تقریباً تین سال کے طویل وقفے کے بعد کمرشل و ملکی پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں نجی ایئرلائن “ساؤتھ ایئر” (South Air) کی پہلی ملکی پرواز کی آمد پر ایئرپورٹ پر ایک پروقار اور پرتپاک افتتاحی و استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
کراچی سے مسافروں کو لے کر بہاولپور پہنچنے والی اس پہلی فلائٹ کا ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے افسران سمیت خطے کی اہم کاروباری، سماجی اور صنعتی شخصیت نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بہاولپور ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد یہی طیارہ مسافروں کو لے کر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گیا۔

نجی ایئرلائن نے کراچی، بہاولپور اور اسلام آباد کے درمیان باقاعدہ ملکی پروازوں کا شیڈول شروع کر دیا ہے، جس سے اب کراچی سے بہاولپور کا سفر سمٹ کر محض 1 گھنٹہ 50 منٹ رہ گیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور دیگر مقررین نے ملکی پروازوں کی اس بحالی کو جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے ایک بہت بڑی خوشخبری اور ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم اقدام سے نہ صرف مقامی مسافروں کو جدید، محفوظ اور آسان سفری سہولیات میسر آئیں گی، بلکہ خطے میں تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
تقریب کے شرکاء اور تجارتی برادری نے نجی ایئرلائن کے اس اقدام کو جنوبی پنجاب کی معاشی و سماجی خوشحالی کے لیے سنگ میل قرار دیتے ہوئے سول ایوی ایشن حکام سے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں مسافروں کے رش کو مدنظر رکھتے ہوئے پروازوں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے اور ملک کے دیگر بڑے شہروں تک بھی فضائی آپریشن کو وسعت دی جائے۔
اس پیش رفت سے پاکستان کے فلائٹ آپریشن میں یومیہ 8 پروازوں کا اضافہ ہو گیا ہے۔
ساوتھ ایئر نے پہلے روز کراچی بہاولپور، تربت اسلام آباد کوئٹہ 8 پروازیں آپریٹ کیں۔
طویل عرصہ بعد بہاولپور اور تربت کا فضائی رابطہ بحال ہوا۔
ساوتھ ایئر کی کراچی تربت کوئٹہ کے لیے 4 پروازیں بھی آپریٹ ہوئیں۔
ان پروازوں کیلئے اے ٹی ار طیارے استعمال کئے گئے۔
سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کے عوام کو ہوگا جہاں زمینی سفر انتہائی خطرناک ہو چکا ہے۔
ماضی میں ان روٹس پر پی آئی اے کی پروازیں ہوتی تھیں۔ پی آئی اے کی کراچی بہاولپور اسلام آباد کی پروازیں 2023 سے بند ہیں۔