ملکی تاریخ میں پہلی بار2ہزار سےزائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئیں
ورو شپمنٹ کے ذریعے ای وی درآمد، بحری تجارت اور بندرگاہی نظام میں اہم پیشرفت
فائل فوٹو
پاکستان کی بحری اور تجارتی تاریخ میں پہلی بار رورو شپمنٹ کے ذریعے 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئی ہیں۔
ترجمان وزارتِ بحری امور کے مطابق ایم وی گرینڈے شنگھائی کامیابی کے ساتھ کراچی پورٹ کے ٹرمینل پر لنگرانداز ہوگیا، جس کے ذریعے الیکٹرک گاڑیوں کی یہ بڑی کھیپ ملک میں درآمد کی گئی۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ رورو جہاز کے ذریعے پہلی بار الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پاکستان کی بحری تجارت کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ پر پہلی رورو ای وی شپمنٹ جدید بندرگاہی نظام کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے، جو ملک کی تجارتی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ رورو جہازوں کی خاصیت یہ ہے کہ ان میں گاڑیاں براہِ راست جہاز پر لوڈ اور وہاں سے اَن لوڈ کی جاتی ہیں، جس سے وقت کی بچت، آپریشنل استعداد میں اضافہ اور لاجسٹکس کے اخراجات میں کمی ممکن ہوتی ہے۔