چوہڑ جمالی کے قریب پولیس مقابلہ، ایک اہلکار شہید، دوسرا شدید زخمی
مرید کھوسو تھانے کی حدود میں فائرنگ، سرچ آپریشن جاری، چند گرفتاریوں کی اطلاعات
چوہڑ جمالی کے قریب مرید کھوسو پولیس تھانے کی حدود میں پولیس اور جرائم پیشہ ملزمان کے درمیان مقابلے کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق روڈ موری کے قریب مرزا موری کے گاؤں مجید اوٹھو میں مخبر کی اطلاع پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی جا رہی تھی کہ ملزمان نے پولیس پارٹی پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار واجد سومرو اور غلام مصطفیٰ چاوڑو شدید زخمی ہوگئے۔ دونوں زخمی اہلکاروں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے آر ایچ سی چوہڑ جمالی منتقل کیا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث سول اسپتال ٹھٹھہ ریفر کر دیا گیا۔
بعد ازاں واجد سومرو کو مزید علاج کے لیے سول اسپتال مکلی منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق زخمی پولیس اہلکار غلام مصطفیٰ چاوڑو کی حالت بھی تشویشناک ہے اور انہیں طبی ماہرین کی نگرانی میں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد ضلع سجاول کے مختلف تھانوں کی پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ اور گرد و نواح کے علاقوں کا محاصرہ کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے اور انہیں جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد چند گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں۔
یاد رہے کہ شہید پولیس اہلکار واجد سومرو دڑو کا رہائشی تھا اور انہیں دڑو کے قبرستان پیر فل میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔