انگلینڈ نے فرانس کو 4۔6 سے شکست دے کر ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی

انگلش ٹیم کی شاندار کارکردگی، ساکا کی ہیٹ ٹرک،میچ میں 10 گول کا نیا ریکارڈ قائم۔

July 19, 2026 · اسپورٹس

فیفا ورلڈ کپ کے تیسرے نمبر کے مقابلے میں انگلینڈ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کو 4 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔

میامی میں کھیلے گئے اس دلچسپ مقابلے میں انگلینڈ کے کپتان ہیری کین سات تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اترے۔ میچ کے تیسرے ہی منٹ میں ڈیکلن رائس نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جس کے بعد کونسا نے 18ویں منٹ جبکہ ساکا نے 37ویں اور پہلے ہاف کے اضافی وقت میں گول کرکے اسکور 0-4 کر دیا۔

دوسرے ہاف میں فرانس نے بھرپور واپسی کی کوشش کی۔ کائلین ایمباپے نے دو جبکہ بارکولا نے ایک گول اسکور کیا، بعد ازاں عثمان ڈیمبیلے نے بھی گیند جال میں پہنچائی، تاہم انگلینڈ کی جانب سے ساکا نے پنالٹی پر گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی، جبکہ جوڈ بیلنگھم نے آخری لمحات میں چھٹا گول کرکے فتح پر مہر ثبت کر دی۔

اس طرح انگلینڈ نے 4-6 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن اپنے نام کر لی۔ یہ مقابلہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیسری پوزیشن کے میچ میں سب سے زیادہ، یعنی مجموعی طور پر 10 گول ہونے کا نیا ریکارڈ بھی بن گیا۔