لامین یامال کی گرل فرینڈ کا نفرت انگیز تبصروں پر ردعمل
انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ایک معمولی پوسٹ اتنی زیادہ تنقید اور نفرت انگیز ردعمل کا سبب بن جائے گی۔
لامین یامال کی گرل فرینڈ اور معروف کانٹنٹ کریئیٹر انیس گارشیا نے سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید کے بعد جذباتی بیان جاری کرتے ہوئے صارفین سے ہمدردی اور احترام کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انیس گارشیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ ایک معمولی پوسٹ اتنی زیادہ تنقید اور نفرت انگیز ردعمل کا سبب بن جائے گی۔
انہوں نے لکھا کہ وہ کئی گھنٹوں سے تبصرے پڑھ رہی ہیں اور مضبوط رہنے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن وہ بھی ایک انسان ہیں جو احساسات رکھتی ہیں، تکلیف محسوس کرتی ہیں اور غلطیاں بھی کر سکتی ہیں۔
انیس گارشیا کا کہنا تھا کہ وہ تعمیری تنقید کو قبول کرتی ہیں، تاہم اختلافِ رائے اور کسی ایسے شخص کی تذلیل میں واضح فرق ہے جسے لوگ ذاتی طور پر جانتے بھی نہیں۔
انہوں نے صارفین سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے پہلے یہ ضرور سوچیں کہ اسکرین کے دوسری جانب بھی ایک انسان موجود ہوتا ہے، جس کے اپنے جذبات، خاندان اور زندگی ہوتی ہے۔
اپنے بیان میں انیس گارشیا نے کہا کہ وہ کسی سے محبت یا حمایت کی خواہش نہیں رکھتیں، صرف یہ چاہتی ہیں کہ آن لائن گفتگو میں احترام، ہمدردی اور انسانیت کو فروغ دیا جائے، کیونکہ کوئی بھی شخص نفرت انگیز پیغامات کا مستحق نہیں ہوتا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب اسپین کی ورلڈ کپ فتوحات کی تقریبات سے منسلک تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بعض صارفین نے لامین یامال اور انیس گارشیا کے تعلقات سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں شروع کر دی تھیں، جس کے بعد انیس گارشیا کو آن لائن شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔