وائرل ویڈیو پر ایکشن۔راولپنڈی میں بدترین تشدد کا شکار کم سن گھریلو ملازم پولیس نے رات گئے بازیاب کرا لیا
صادق آباد میں کارروائی۔ ملزم گرفتار
سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل ہونے کے بعد بدترین تشدد کے شکار کم سن گھریلو ملازم کو راولپنڈی پولیس نے بازیاب کرا لیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کی طرف سے رات گئے جاری پریس ریلیز کے مطابق،صادق آباد کے علاقہ میں کمسن گھریلو ملازم بچے پر تشدد کی اطلاع پر سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے نوٹس لیا۔
سی پی او نے بچے کو فوری ریسکیو کرنے اور تشدد میں ملوث شخص کی گرفتاری کا حکم دیا۔
صادق آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 10 سالہ گھریلو ملازم بچہ بازیاب کرایا اور، تشدد کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچہ اوکاڑہ کا رہائشی اور ملزم کے گھر گزشتہ 3 ماہ سے ملازم ہے۔
واقعہ کا مقدمہ تھانہ صادق آباد میں درج کیا جارہا ہے۔
سی پی او نے کہا ہے کہ بچوں اور خواتین پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں۔معصوم بچے پر تشدد کرنے والے شخص کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
واضح رہے کہ بچے پر وحشیانہ تشدد کی وڈیو قریبی عمارت سے بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالی گئی تھی جس پر پولیس حرکت میں آئی۔