مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،فتنۃالہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک
متعدد گرفتار، سہولت کار اور مرد و خواتین خودکش بمبار بھی شامل
فائل فوٹو
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک ، متعدد کو گرفتار کر لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا، جن میں ایک سہولت کار کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں، جبکہ ان کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار رکھی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں دہشت گردوں کی کارروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن مزید تیز کر دیے ہیں۔