سزا سے بچنے کے لیے شہری نے اپنی ہی موت کا ڈرامہ رچا دیا
ملزم، جس کی شناخت صرف "سی" کے نام سے ظاہر کی گئی، کو نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
چین کے صوبہ ہونان میں ایک شخص نے شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کے مقدمے سے بچنے کے لیے اپنی موت کا ڈرامہ رچایا، تاہم پولیس کی تحقیقات کے بعد اس کی منصوبہ بندی بے نقاب ہوگئی۔
چینی پولیس کے مطابق ملزم، جس کی شناخت صرف “سی” کے نام سے ظاہر کی گئی، کو نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس سے قبل بھی دو مرتبہ بغیر لائسنس اور نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے پکڑا جا چکا تھا، جبکہ تیسری گرفتاری کے بعد اسے سخت قانونی کارروائی کا خدشہ تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے اہل خانہ کی مدد سے جعلی موت کا منصوبہ تیار کیا۔ منصوبے کے تحت پہلے سے تابوت خریدا گیا، گھر میں ادویات کی خالی بوتلیں رکھی گئیں اور ایسا تاثر دیا گیا کہ اس کی موت ادویات کی زیادہ مقدار لینے کے باعث ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق مبینہ جنازے کے دوران ملزم کے چہرے کو کپڑے سے ڈھانپ کر پڑوسیوں کو بتایا گیا کہ ادویات کے اثرات سے چہرہ بری طرح متاثر ہوگیا تھا، جبکہ اسی روز جلدی میں تدفین کا بھی ڈرامہ رچایا گیا۔ اس دوران ملزم خفیہ طور پر دوسرے صوبے فرار ہوگیا۔
پولیس کو واقعے میں کئی مشکوک پہلو نظر آئے، جن میں مبینہ موت سے قبل تابوت کی خریداری، ایمبولینس یا پولیس کو اطلاع نہ دینا اور موت یا تدفین کا کوئی سرکاری ریکارڈ موجود نہ ہونا شامل تھا۔
مزید تحقیقات، سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج اور مقامی افراد سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر پولیس نے تصدیق کی کہ ملزم زندہ ہے، جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔
عدالت نے ملزم کو پانچ ماہ قید اور 20 ہزار یوان جرمانے کی سزا سنائی، جبکہ حکام سے حقائق چھپانے اور جعلی موت کے منصوبے میں معاونت کرنے کے الزام میں اس کی والدہ اور دادی کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔