برلن میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے والے ملزم کی شناخت ظاہر
واقعہ ٹیئرگارٹن کے علاقے میں پیش آیا، جہاں گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے
برلن: جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایک تقریب کے دوران گاڑی ہجوم پر چڑھانے والے ملزم کی شناخت ظاہر کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ ٹیئرگارٹن کے علاقے میں پیش آیا، جہاں گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے بتایا کہ واقعے کے بعد فرار ہونے والے مشتبہ شخص کی شناخت 21 سالہ عبدل بی کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق ملزم کی جسمانی شناخت میں دبلی جسامت، سیاہ بال، سیاہ رنگ کی ہُوڈی اور سفید پتلون شامل ہیں۔
برلن پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ مشتبہ شخص کو خطرناک اور مسلح سمجھا جا رہا ہے، اس لیے اگر وہ کہیں نظر آئے تو خود کارروائی کرنے کے بجائے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جائے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ واقعے کے دوران کچھ افراد کے نوکیلے ہتھیاروں سے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔