غزہ پر اسرائیلی حملے، 6 فلسطینی شہید، 37 زخمی
غزہ: اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے مختلف علاقوں پر کیے گئے تازہ حملوں میں مزید 6 فلسطینی شہید جبکہ 37 افراد زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وزارتِ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے خاتمے کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں ایک ہزار سے زائد فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ تقریباً چار ہزار افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کے مختلف علاقوں سے اب تک 800 سے زائد لاشیں بھی برآمد کی جا چکی ہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مختلف علاقوں سے 66 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق گرفتاریاں متعدد شہروں اور قصبوں میں چھاپوں کے دوران عمل میں آئیں۔
ادھر انسانی حقوق کی تنظیموں اور امدادی اداروں نے غزہ کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ اور متاثرہ علاقوں تک امداد کی بلا تعطل رسائی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔