کالعدم ایکشن کمیٹی میں شرپسند عناصر کی موجودگی کا دعویٰ

دہشتگردوں کے شامل ہونے کے ثبوت اداروں کے پاس موجود ہیں،سیکریٹری اطلاعات راشد حنیف

July 28, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

مظفر آباد: آزاد کشمیر کے سیکریٹری اطلاعات راشد حنیف نے کہا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی میں بڑی تعداد میں شرپسند اور فتنہ الخوارج کے لوگ شامل ہیں۔

آزاد کشمیر حکومت کے سیکریٹری اطلاعات نے ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے، ریاست کی بنیادی ذمہ داری امن و امان قائم رکھنا ہے اور اسے برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی میں بڑی تعداد میں دہشتگرد اور فتنہ الخوارج موجود ہیں، اس کمیٹی میں عوام کم جبکہ مسلح عناصر اور دہشتگرد موجود ہیں۔ ان کے مطابق اس تحریک میں دہشتگردوں کے شامل ہونے کے ثبوت اداروں کے پاس موجود ہیں۔

سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ کالعدم کمیٹی کے احتجاج میں شرپسند اور فتنہ الخوارج کے لوگ شامل ہیں، جبکہ کالعدم ایکشن کمیٹی میں موجود شرپسند انسانی آبادی کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ وہ انتظامیہ اور اداروں کے ساتھ جڑے رہیں تاکہ گمراہ کن معلومات سے بچ سکیں۔

اس موقع پر ترجمان آزاد کشمیر پولیس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان عناصر کے پاس جدید اور خودکار اسلحہ موجود ہے۔ ترجمان کے مطابق ان عناصر کی فائرنگ سے 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔