بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے لٹن داس کو ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے قومی ون ڈے ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس کو نیا کپتان مقرر کر دیا ہے، جبکہ مہدی حسن سے ون ڈے ٹیم کی قیادت واپس لے لی گئی ہے۔
31 سالہ لٹن داس اس سے قبل ٹی20 ٹیم کی قیادت بھی کر رہے ہیں، اور اب وہ وائٹ بال کرکٹ (ون ڈے اور ٹی20) میں بنگلا دیش کی قیادت سنبھالیں گے۔ دوسری جانب نجم الحسن شانتو ٹیسٹ ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے۔
یہ فیصلہ شیرِ بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا۔ بورڈ حکام کے مطابق ریڈ بال اور وائٹ بال کرکٹ کے لیے الگ الگ کپتان مقرر کرنے کی حکمت عملی ٹیم کی کارکردگی کے لیے زیادہ مؤثر سمجھی جا رہی ہے۔
بی سی بی نے توحید ہردوئے کو وائٹ بال ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا ہے، جبکہ ٹیسٹ ٹیم میں نائب کپتان کی ذمہ داری بدستور مہدی حسن مرزا کے پاس رہے گی۔
یہ فیصلہ زمبابوے کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز کے بعد سامنے آیا ہے۔ مہدی حسن کی قیادت میں بنگلا دیش نے 20 ون ڈے میچز میں 10 کامیابیاں حاصل کیں، جبکہ ویسٹ انڈیز، پاکستان، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں بھی ٹیم نے اچھے نتائج حاصل کیے۔
لٹن داس اس سے قبل بھی سات ون ڈے میچز میں بنگلا دیش کی قیادت کر چکے ہیں، جن میں بھارت کے خلاف تاریخی ون ڈے سیریز میں کامیابی بھی شامل ہے۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ٹیم کی کارکردگی اور قیادت کا ہر چھ ماہ بعد جائزہ لیا جائے گا تاکہ مستقبل میں قیادت کے حوالے سے تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔