صاحبزادہ فرحان نے ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑ دیا

بھارت کے ایشان کشن 910 پوائنٹس کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں۔

July 30, 2026 · اسپورٹس

پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بیٹرز رینکنگ میں شاندار ترقی کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

نئی جاری ہونے والی رینکنگ کے مطابق صاحبزادہ فرحان نے بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما کو پیچھے چھوڑ دیا۔ صاحبزادہ فرحان 848 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ عالمی بیٹرز میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ ابھیشیک شرما 819 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

بھارت کے ایشان کشن 910 پوائنٹس کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں۔

پاکستان کے دیگر بیٹرز میں صائم ایوب 560 پوائنٹس کے ساتھ 41ویں، سابق کپتان بابر اعظم 555 پوائنٹس کے ساتھ 43ویں جبکہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا 547 پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر ہیں۔

بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے اسپنر ابرار احمد نے اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ افغانستان کے راشد خان بدستور نمبر ون بولر ہیں جبکہ انگلینڈ کے عادل رشید تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کے محمد نواز ٹاپ 10 بولرز میں شامل ہیں اور 10ویں پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ سلمان مرزا ایک درجہ بہتری کے بعد 15ویں اور شاہین شاہ آفریدی ترقی کرتے ہوئے 30ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

صاحبزادہ فرحان کی یہ کامیابی پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، جبکہ شائقین کو امید ہے کہ وہ اپنی فارم برقرار رکھتے ہوئے مزید کامیابیاں حاصل کریں گے۔