پاک بھارت کشیدگی کے باوجود جمائما روڈریگز نے فاطمہ ثناء کو گلے لگا لیا

دی ہنڈرڈ لیگ میں جمائما روڈریگز سدرن بریو ویمن جبکہ فاطمہ ثناء برمنگھم فینکس ویمن کی نمائندگی کر رہی ہیں

August 1, 2026 · اسپورٹس

لندن: انگلینڈ میں جاری دی ہنڈرڈ ویمنز لیگ کے دوران پاکستانی کپتان فاطمہ ثناء اور بھارتی کرکٹر جمائما روڈریگز کی خوشگوار ملاقات نے شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کر لی۔

میچ کے اختتام پر دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور پھر گرمجوشی سے گلے ملیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ مداح اس لمحے کو کھیل میں باہمی احترام، سپورٹس مین اسپرٹ اور مثبت رویے کی علامت قرار دے رہے ہیں۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ عرصے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات بھی متاثر رہے ہیں۔ بعض بین الاقوامی مقابلوں میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان روایتی مصافحہ نہ ہونے پر بھی بحث دیکھنے میں آئی تھی۔

دی ہنڈرڈ لیگ میں جمائما روڈریگز سدرن بریو ویمن جبکہ فاطمہ ثناء برمنگھم فینکس ویمن کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی اس فرنچائز لیگ میں ایک ہی پلیٹ فارم پر کھیل رہے ہیں، جہاں کھیل کے ذریعے دوستی، احترام اور پیشہ ورانہ تعلقات کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

فاطمہ ثناء اور جمائما روڈریگز کی یہ ملاقات شائقین کے لیے ایک خوشگوار منظر ثابت ہوئی، جسے سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے۔