ویرات کوہلی موجودہ دور کے مشکل ترین بیٹر ہیں، محمد عامر
کوہلی کی مستقل مزاجی، دباؤ میں بہترین کھیل اور میچ کو کامیابی سے اختتام تک لے جانے کی صلاحیت انہیں دیگر بیٹرز سے منفرد بناتی ہے۔
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کو اپنے کیریئر کا مشکل ترین حریف قرار دیتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کی کھل کر تعریف کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ موجودہ دور میں ویرات کوہلی جیسا بیٹر کوئی نہیں۔ ان کے مطابق کوہلی کی مستقل مزاجی، دباؤ میں بہترین کھیل اور میچ کو کامیابی سے اختتام تک لے جانے کی صلاحیت انہیں دیگر بیٹرز سے منفرد بناتی ہے۔
محمد عامر نے کہا کہ وہ ماضی میں بھی کئی بار یہ بات دہرا چکے ہیں کہ موجودہ نسل کے بیٹرز میں ویرات کوہلی کے خلاف بولنگ کرنا سب سے زیادہ مشکل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوہلی بڑے مقابلوں میں ہمیشہ ذمہ دارانہ اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں، اسی لیے انہیں جدید کرکٹ کے عظیم ترین بیٹرز میں شمار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ اور آل راؤنڈر شین واٹسن کو بھی سخت حریف قرار دیا، تاہم موجودہ کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی کو سب سے نمایاں قرار دیا۔
واضح رہے کہ محمد عامر اور ویرات کوہلی کے درمیان بین الاقوامی کرکٹ میں کئی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں محمد عامر نے ویرات کوہلی کی اہم وکٹ حاصل کی تھی، جبکہ کوہلی بھی پاکستان کے خلاف متعدد یادگار اننگز کھیل چکے ہیں۔